کراچی: راشد منہاس شہید کی والدہ انتقال کرگئیں۔
نشانِ حیدر حاصل کرنے والے پائلٹ آفیسر شہید راشد منہاس کی والدہ بیگم رشیدہ منہاس رضائے الٰہی سے انتقال کرگئیں۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر سدھو نے بیگم رشیدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف مارشل نے تعزیتی پیغام میں مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔
ایئر چیف مارشل نے دعا کی کہ اللہ غم زدہ خاندان کو یہ دکھ صبر و ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ 20 اگست 1971 کو راشد منہاس کی تربیتی پرواز میں فلائٹ لیفٹنینٹ مطیع الرحمان بھی ان کے ساتھ سوار ہوئے۔ مطیع نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے نوجوان پائلٹ پر ضرب لگائی اور طیارے کا رخ بھارت کی جانب موڑ دیا۔
راشد منہاس نے وطن پر جان قربان کرتے ہوئے دشمن کی اس سازش کو ناکام بناتے ہوئے جہاز کا رخ زمین کی جانب موڑ دیا اور اس دشمن کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
پاکستان نے جرأت اور بہادری پر راشد منہاس کو سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا جب کہ راشد منہاس نشانِ حیدر پانے والے سب سے کم عمر شہید ہیں۔