ریپ ملزمان کیلیے سخت سزاؤں پر مشتمل قانون لارہے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کشمور میں جنسی زیادتی سے متاثرہ بچی کو بازیاب کرانے والے سندھ پولیس کے اے ایس آئی بخش برڑو اور ان کی بیٹی کو شاباش دیتے ہوئے ان پر فخر کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کشمور واقعے میں ملوث مجرم کو پکڑنے والے اے ایس آئی سے گفتگو ہوئی، اے ایس آئی اور ان کی بیٹی کے مثالی اقدام اور جرأت کی تعریف کی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم کو ان دونوں پر فخر ہے اور اس سے پولیس کا مثبت تاثر مزید بہتر ہوا، اگلے ہفتے ریپ کے ملزمان کے لیے سخت سزاؤں پر مشتمل قانون لارہے ہیں جس میں تمام قانونی کمزوریوں کو دور کریں گے۔
کشمور میں 4 سالہ بچی سے اجتماعی زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا تھا، جس نے ہر شہری کو لرزا کر رکھ دیا ہے، کراچی کی رہائشی تبسم بی بی کو نوکری کا جھانسہ دے کر کشمور لے جایا گیا جہاں پہلے اس کے ساتھ اور پھر اس کی 4 سالہ بیٹی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی۔
معصوم بچی پر وحشیانہ اور بہیمانہ تشدد بھی کیا گیا جس سے بچی کے پیٹ کی آنت بھی نکل آئی، اس کے دانت توڑ دیے گئے، گلا دبایا گیا جس سے اسے سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے اور اس کے سر کے بال بھی کاٹ دیے گئے۔

Kashmore rape CasePM Imran Khan