شہر قائد میں موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع!

کراچی: دن بھر کی شدید گرمی اور حبس کے بعد شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جو آئندہ 3 روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقے بھارتی ریاست گجرات سے آنے والے مون سون بارشوں کے سسٹم کے زیر اثر ہیں۔ صبح سے ہی ساحلی علاقوں میں سمندری ہوائیں بند تھیں اور ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے گرمی کی شدت کئی ڈگری زائد محسوس کی جارہی تھی۔
شدید گرمی اور حبس کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش جاری ہے، جس کے بعد کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی ریاست گجرات میں بارشوں کا سبب بننے والا مون سون ہواؤں کا کم دباؤ آج شام کو سندھ میں داخل ہوگا۔ سندھ میں کراچی اور حیدرآباد سمیت، ٹھٹھہ، تھرپارکر، عمرکوٹ، جامشورو، ٹنڈوالہٰ یار، ٹنڈومحمد خان، بدین اور سانگھڑ میں بارش ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ کراچی سے ملحقہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی بارشیں ہوں گی۔ مون سون بارشوں کے نئے سسٹم کے باعث کراچی اور حیدرآباد میں آئندہ 3 روز کے دوران 100 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔ جس کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
کراچی میں گزشتہ ہفتے ہونے والی بارشوں کے باعث نالوں کا گندا پانی گھروں میں داخل ہونے کے بعد ان نالوں کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے، بلدیاتی اداروں کے علاوہ این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او بھی بھرپور طریقے سے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے مون سون بارشوں کے دوران ریلیف کاموں کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ کراچی کے 6 اضلاع میں صوبائی وزیر سعید غنی، بیرسٹر مرتضٰی وہاب، مکیش چاولہ، شہلا رضا، وقار مہدی اور راشد ربانی ریلیف کاموں کی نگرانی کریں گے۔ حیدرآباد میں صوبائی وزیر شبیر بجارانی، دادو میں ایم پی اے فیاض بُٹ، جامشورو میں ملک اسد سکندر، بدین میں اسماعیل راہو، شہید بے نظیر آباد میں ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور ٹھٹھہ میں اشفاق میمن ریلیف کاموں کی نگرانی کریں گے۔

karachirain