کراچی: سابق اولمپئن قاضی مسرت حسین 86 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے۔
سابق اولمپئین قاضی مسرت حسین کا 86 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا، وہ میلبورن اولمپکس 1956 کے ہاکی ایونٹ کے فائنل میں رسائی پاکر سلور میڈل جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے رکن تھے، واضح رہے کہ قومی ہاکی ٹیم کا یہ پہلا میڈل تھا جو اُس نے آزادی کے 9 برس بعد جیتا تھا۔
ٹھیک دو سال بعد پاکستان نے ہاکی کی تاریخ میں اپنا پہلا گولڈ میڈل جیتا، اس ٹیم میں بھی قاضی مسرت شامل تھے۔
16 مارچ 1935 کو پیدا ہونے والے قاضی مسرت لیفٹ ہاف اور رائٹ ہاف کی پوزیشن پر بائیں ہاتھ سے ہاکی کھیلنے والے منفرد کھلاڑی تھے، کراچی میں رہائش پذیر مرحوم پاکستان کسٹمز ہاکی ٹیم کا حصہ رہے۔
وہ محکمہ سے بطور اسسٹنٹ کلکٹر ریٹائر ہوئے، دریں اثنا سابق قومی ہاکی کپتان اولمپئن عبدالوحید خان نے قاضی مسرت حسین کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں بہترین کھلاڑی قرار دیا۔
سابق اولمپئنز اصلاح الدین صدیقی، سمیع اللہ خان، حنیف خان، رشید الحسن، وسیم فیروز، پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر(ر) خالد کھوکھر، سیکریٹری اولمپئن آصف باجوہ اور کے ایچ اے کے سیکریٹری انٹرنیشنل سید حیدر حسین و دیگر نے اولمپئن قاضی مسرت حسین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی۔