پاکستان میں پب جی گیم پر پابندی

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں موبائل پر کھیلے جانے والے گیم پب جی پر عارضی پابندی عائد کردی۔
پی ٹی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پب جی گیم کی سروس پاکستان میں عارضی طور پر معطل کی گئی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ گیم پر مکمل پابندی کا حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائےگا۔
یاد رہے کہ پب جی گیم کھیلنے کی اجازت نہ ملنے پر لاہور میں 2 بچوں نےخودکشی کی تھی جس پر دونوں بچوں کے ورثا نے گیم کی بندش کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
قبل ازیں پنجاب پولیس نے لاہور کے 3نوجوانوں کی خودکشی کے بعد ایف آئی اے اور پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی سے مطالبہ کیا تھا کہ آن لائن ویڈیو گیم پب جی کی آئی پیز کو پاکستان میں بلاک کیا جائے تاکہ بچے گیم نہ کھیل سکیں۔
سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ گیم کی وجہ سے اب تک 3نوجوان خودکشی کر چکے ہیں، تینوں کیسز کی تفصیلات متعلقہ اداروں کو فراہم کر دی گئیں۔
یاد رہے کہ آن لائن گیم پب جی کی وجہ سے اب تک دنیا بھر کے کئی نوجوان اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرچکے ہیں، اس گیم میں دو ٹیمیں بنائی جاتی ہیں اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ہتھیاروں کی مدد سے ایک دوسرے کو قتل کرتے ہیں۔
ماہر نفسیات کا یہ بھی کہنا تھا کہ گیم کے باعث نوجوانوں ذہنی تناؤ کا شکار ہورہے ہیں جب کہ اُن میں تشدد کا عنصر بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔

PTAPubg