اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے بے توقیری اور توہین کرکے مجھے سائیڈ لائن کردیا، عمران خان سے ملاقات کا دل چاہتا ہے مگر انکار سے ڈرتا ہوں۔
پارلیمنٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ میرے ضلع میں سیمنٹ کا سب سے بڑا پلانٹ ہے اور عوام اُس کے خلاف دھرنا دیے بیٹھے ہیں، میرا مطالبہ ہے کہ چیمبر آف کامرس اس کا نوٹس لے۔
شیر افضل نے کہا کہ نیب کے ریمانڈ آرڈیننس کے خلاف ہوں، یہ سب بانی چیئرمین کے خلاف کرپشن کے کیسز کی تیاریاں ہیں اور ملک میں اب انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی قیادت سے سخت ناراض ہوں، کیونکہ میری بے توقیری اور توہین کی گئی ہے، میرے حوالے سے قیادت نے یک طرفہ فیصلہ کیا اور شوکاز کے بعد کارروائی کی۔
انہوں نے کہا کہ جو کچھ پی ٹی آئی قیادت نے میرے ساتھ کیا، شاید میں اُس کا ہی حق دار تھا، کیونکہ میں نے ہمیشہ عمران خان اور عام کارکنان کی بات کی، بانی چیئرمین کے عزم نے ہمیشہ میرا حوصلہ بڑھایا اور میں آگے بڑھتا رہا مگر اب پارٹی میں سائیڈلائن کردیا گیا ہوں۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ اظہر مشوانی کے بھائیوں کو اٹھانے کی مذمت اور اعلان کرتا ہوں کہ سوشل میڈیا کے ساتھ کھڑا ہوں، اس وقت پاکستان میں سوشل میڈیا والوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔
شیر افضل نے کہا کہ ہم نے عوام سے جلسوں کا وعدہ کیا، پر نہیں کرسکے، ہمیں جلسوں کی پہلے کب اجازت ملتی تھی، عوامی ریلیاں اور جلسے جلوسوں سے ہی بانی کی رہائی ممکن ہوگی۔
پی ٹی آئی رہنما نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دل کرتا ہے بانی چیئرمین کے پاس جاؤں مگر ڈرتا ہوں کہ پھر انکار ہوگیا تو میرا کیا بنے گا۔