کراچی: کراچی میں کرکٹ میلہ کل (ہفتے) سے سجے گا، پی ایس ایل 5 پلے آف میچز کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
کورونا کے باعث مارچ میں ملتوی شدہ پی ایس ایل 5 کے پلے آف میچز کا سلسلہ ہفتے سے بحال ہورہا ہے، پہلے روز کوالیفائر میں ایونٹ کی سرفہرست ملتان سلطانز کو کراچی کنگز کا چیلنج درپیش ہوگا۔ اس کے بعد ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا مقابلہ ہونا ہے۔
پلے آف میچز کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیاریاں کرلی گئی ہیں، تماشائیوں کو آمد کی اجازت نہ ہونے کے باوجود انکلوژرز کی نشستوں کو دھوکر صاف کردیا گیا، وینیو کو پْرکشش بنانے کے لیے بڑے پینافلیکس لگائے گئے ہیں، مرکزی عمارت کے مختلف حصوں کی تزئین و آرائش بھی مکمل کرلی گئی، بائیو سیکیور ماحول پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مکمل حکمت عملی ترتیب دے دی گئی ہے، غیر متعلقہ افراد کو کھلاڑیوں یا آفیشلز کے قریب بھی پھٹکنے نہیں دیا جائے گا۔
کھلاڑیوں اور آفیشلز کی فول پروف سیکیورٹی کی خاطر پلان فائنل کرلیا گیا، میدان کے وسط میں 3 پچز کو میچز کے لیے مختص کیا گیا ہے، گذشتہ روز ٹیموں کو اینٹی کرپشن اور اینٹی ڈوپنگ کا سبق بھی پڑھایا گیا۔
پی ایس ایل فائیو کے کراچی میں تین مقابلے ہوں گے۔ پہلے دو میچز ہفتے کو منعقد ہوں گے جب کہ تیسرا مقابلہ اتوار کو اسی وینیو پر ہوگا۔ فائنل منگل کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔