پی ایس ایل 8 کے شیڈول کا اعلان، افتتاحی تقریب ملتان، فائنل لاہور میں ہوگا

لاہور: پی ایس ایل 8 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا، افتتاحی تقریب ملتان میں منعقد ہوگی جب کہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 8 ویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا۔
نجم سیٹھی کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے پی ایس ایل 8 سے متعلق پریس کانفرنس کرکے خوشی ہورہی ہے، گزشتہ سال پی ایس ایل کے لیے اچھا رہا، پاکستان سپر لیگ آئی پی ایل سے بڑا ٹی ٹوئنٹی برانڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 8 کی افتتاحی تقریب ملتان میں ہوگی، لیگ کے میچز دو مرحلوں میں ہوں گے، میچز ملتان، کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے موقع پر ویمن کے تین نمائشی میچز ہوں گے جن میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شریک ہوں گی۔
نجم سیٹھی نے بتایا کہ مینجمنٹ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں کہا تھا کہ کوئٹہ میں نمائشی میچ کرانا چاہتے ہیں، کوئٹہ میں میچز کے لیے وہاں کی انتظامیہ سے بھی بات ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں پیمنٹ کی کمی کا سامنا نہیں، آہستہ آہستہ پیمنٹ بڑھ رہی ہے۔
نجم سیٹھی کا لیگ میں ٹیموں کے اضافے سے متعلق کہنا تھا کہ فرنچائزز سے ساتویں اور آٹھویں ٹیم کو شامل کرنے کی بات کررہے ہیں، ٹیمیں بڑھانا ایک چیلنج ہے، لیکن امید ہے اس پر قابو پالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چارسال کے اندر اسٹیڈیم کے انفرا اسٹرکچر پرکام نہیں ہوا، میں کام نہ ہونے پر حیران بھی ہوں اور پریشان بھی۔
پی ایس ایل شیڈول کے مطابق پہلا میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان 13 فروری کو ملتان میں کھیلا جائے گا۔
34 میچز میں سے 11 میچز راولپنڈی میں ہوں گے، کراچی اور لاہور میں 9، 9 مقابلے جب کہ ملتان میں 5 میچز کھیلے جائیں گے۔ فائنل 19 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

Najam SethiPCB Management Committee ChairmanPress conferencePSL 8Schedule Announce