ورثاء کے میت وصول نہ کرنے پر محکمہ ثقافت سندھ حمیرا اصغر کا وارث ہوگا، ذوالفقار شاہ

کراچی: سندھ کے وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے محکمے کی جانب سے اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رابطہ کیا اور ان سے اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین کے معاملے پر گفتگو کی۔
صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل کلچر کو معاملے پر فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ حمیرا اصغر کے ورثاء اگر لاش وصول یا تدفین نہیں کرتے تو محکمۂ ثقافت حمیرا اصغر کا وارث ہوگا۔
صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ کے حکم پر سیکریٹری ثقافت سندھ نے ڈی آئی جی ایسٹ کو لاش حوالگی کیلئے خط بھی ارسال کردیا۔ خط میں کہا گیا کہ مرحوم حمیرا اصغر لاوارث نہیں سندھ حکومت محکمہ ثقافت وارث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حمیرا اصغر کا واقعہ افسوس ناک اور دل دہلانے والا ہے۔ تدفین قبرستان سمیت تمام مراحل محکمہ ثقافت کے ذمے ہوگا۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے مزید کہا کہ ہماری پہلی کوشش ہے کہ والدین راضی ہوں اور لاش وصول کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ پولیس کے تعاون سے اس معاملے پر محکمہ ثقافت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

 

ActressCulture Department SindhfuneralHumaira AsgharSindh MinisterZulfiqar Ali Shah