پریا نتھا کمارا کی میّت ایئرپورٹ پہنچا دی گئی

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہوئے سری لنکا کے مقتول شہری پریا نتھا کمارا کی میّت سری لنکا روانگی کیلئے اسپتال سے ایئرپورٹ پہنچا دی گئی ۔
ذرائع کے مطابق میت کی منتقلی کیلئے سری لنکن سفارتخانے کے اہلکار علی الصبح اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے پریانتھا کمارا کی میت پر پھول رکھے۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق پریا نتھا کمارا کی میت کی روانگی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کی نمائندگی صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجازعالم کررہے ہیں۔
پنجاب حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ اہم میٹنگ کے باعث وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو اسلام آباد جانا پڑا۔
پریانتھا کمارا کی میت کو گزشتہ روز سیالکوٹ سے لاہور لایا گیا تھا جہاں سے آج اسے کولمبو روانہ کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل سیالکوٹ میں توہینِ مذہب کے الزام میں سیکڑوں افراد نے ایک فیکٹری کے سری لنکن منیجر کو تشدد کر کے قتل کر دیا تھا اور لاش جلا دی تھی۔
دوسری جانب گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں فیکٹری کے سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا، جبکہ پنجاب حکومت نے بھی انہیں انسانی حقوق کا ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔

Priya Natha Kumara's body was taken to the airport