وزیراعظم شہباز شریف چین کے خصوصی دورے پر روانہ

اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف چین کے دورے پر روانہ ہوگئے۔
شہباز شریف کے ساتھ ان کی ٹیم بھی چین روانہ ہوئی، جس میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال، محمد اورنگزیب اور مصدق ملک سمیت چیئرمین ایف بی آر بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم چین کی خصوصی دعوت پر4 سے 8 جون تک چین کا دورہ کررہے ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کا دورہْ چین سی پیک کے دوسرے مرحلے کے لیے اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں چینی شہر شینزن جائیں گے اور وہاں بزنس فورم میں شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم شینزن میں ہواوے کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے جب کہ وزیراعظم دورے کے دوسرے مرحلے میں بیجنگ جائیں گے، جہاں چین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات ہوگی، وزیراعظم چینی صدر اور وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے، وہ بیجنگ میں مختلف کمپنیوں کے سربراہان اور سرمایہ کاروں سے ملاقات بھی کریں گے جب کہ وہ عوامی یادگار کا دورہ بھی کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف دورۂ چین کے آخری مرحلے میں چینی شہر شیان میں مقامی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، وہ چینی ماڈل فارمز و گرین ٹیکنالوجی کمپنیوں کا دورہ کریں گے۔

 

China VisitPM Shahbaz Sharif