وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے، ریاض میں سعودی نائب وزیر خارجہ عادل الجبیر نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔
سعودی عرب میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد اب یہ بھارت سے تعلقات بہتر کرنے کی بات کا مناسب وقت نہيں ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان صرف ایک مسئلہ ہے اور وہ ہے کشمیر، اگر یہ حل ہوجائے تو ہمارے درمیان اور کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
وطن روانگی سے قبل وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ریاض میں ملاقات ہوئی جس میں افغانستان کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور چیلنجوں سے نمٹنے کےلیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔
وزیر اعظم نے مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو کانفرنس کے انعقاد پر سعودی ولی عہد کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان گرین انیشیٹو منصوبے کے لئے تعاون جاری رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو گرین پاکستان اور بلین ٹری منصوبے کی مانند ہیں۔
اس موقع پر امریکی ایلچی امور ماحولیات جان کیری نے سربراہ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی روکنے میں سعودی عرب کی کاوشیں قابل تعریف ہیں،کرہ ارض کے تحفظ کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرین مشرق وسطی اقدام مختلف نازک صورتحال کی حقیقت کا عکاس ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات میں تیزی لانا ہوگی۔