اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں شاندار کامیابی پر قومی انڈر 19 ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔
ذرئع کے مطابق فائنل میں کامیابی پر وزیراعظم نے قومی انڈر 19 ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے 1،1 کروڑ روپے کا اعلان کیا، شہباز شریف نے تمام کھلاڑیوں کا خود استقبال کیا اور فرداً فرداً تمام کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو بھارت کے خلاف شاندار کامیابی پر مبارک باد دی۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ اتنے بڑے مارجن سے کامیابی بلاشبہ محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے تمام کھلاڑیوں، مینجمنٹ اور سپورٹنگ اسٹاف کو بھی مبارک باد پیش کی۔
فائنل میچ میں شاندار کارکردگی پر وزیراعظم نے خاص طور پر سمیر منہاس کو خصوصی شاباش دی۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارک باد دی۔
خیال رہے کہ قومی انڈر 19 ٹیم نے گزشتہ روز ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی۔