ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں خراب کارکردگی، دورۂ بنگلادیش میں کپتان کون ہوگا؟

لاہور: امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جارہے ٹی20 ورلڈکپ میں بطور کپتان پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ناقص پرفارمنس کے بعد بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے کپتانی سے دُور رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میگا ایونٹ میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد قومی ٹیم 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے بنگلادیش کا دورہ کرے گی، یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے 7 ارکان پر مشتمل سلیکشن کمیٹی کی تجویز پر شاہین آفریدی کی جگہ ٹی20 ٹیم کی قیادت بابراعظم کے سپرد کرتے ہوئے انہیں 2025 چیمپئنز ٹرافی تک وائٹ فارمیٹ کی قیادت دی تھی، تاہم اب مایوس کن پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے شان مسعود کی کپتانی پر انحصار کیا جائے گا۔
دھیان رہے کہ ورلڈکپ 2023 میں شکست کے بعد بابراعظم کی جانب سے تینوں فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کے اعلان کے بعد شان کو وائٹ بال کی قیادت سونپی گئی تھی، بعدازاں انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کپتانی کے فرائض بھی نبھائے تھے۔
بورڈ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ فارمیٹ کی کپتانی بھی بابراعظم کو ملنے کا امکان تھا، تاہم ٹی20 ورلڈکپ میں ناقص پرفارمنس اور تنقید کو مدنظر رکھتے ہوئے شان مسعود پر اعتماد کا فیصلہ ہوا ہے۔
ٹیسٹ فارمیٹ میں آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر جیسن گلیسپی قومی ٹیم کے ہیڈکوچ کے فرائض سرانجام دیں گے۔

Captain ChangedPakistan cricket teamPCBtest seriesTour of bangladesh