اوٹاوا: کینیڈا کے عام انتخابات میں حکمران لبرل پارٹی کی نشستیں 158 ہوگئیں۔ اب تک 5 پاکستانی نژاد بھی اپنی اپنی نشستیں جیت چکے۔
وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اوٹاوا میں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے دوبارہ منتخب کیا ہے، ہم عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔
جسٹن ٹروڈو نے لبرل کارکنوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کینیڈین عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اہل خانہ کے ساتھ وکٹری گالا میں شرکت کی۔
کینیڈا کے عام انتخابات میں کئی پاکستانی نژاد سیاست دان بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ اقرا خالد، سلمیٰ زائد، شفقت علی، یاسر عباس نقوی اور سمیر زبیری نے اپنی اپنی نشستیں جیت لیں۔ سب کا تعلق حکمران لبرل پارٹی سے ہے۔
برامپٹن سینٹر سے شفقت علی 14502 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، یاسر عباس نقوی 21 ہزار 285 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، سمیر زبیری کیوبک سے 18 ہزار 3 سو ووٹ لے کر سرخرو ہوئے۔