اسلام آباد: قومی ایئرلائن پی آئی اے نے افغانستان کے لیے فلائٹ آپریشن غیر معینہ مدت کے لیے معطل کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے کابل کے لیے اپنا آپریشن بند کرنے کا اعلان افغان حکام کی جانب سے بین الاقوامی پروازوں کے لیے جاری کردہ اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
افغان سول ایوی ایشن اتھارٹی (اے سی سی اے) کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ایئر لائنز ٹکٹ کی قیمتیں 15 اگست 2021 سے پہلے والے ریٹ پر رکھیں، بصورت دیگر ان کا آپریشن بند کردیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ایئرلائن کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان حکام کے نامناسب رویے کے باعث آج سے کابل کے لیے فلائٹ آپریشن معطل کردیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ کابل کے لیے فضائی آپریشن غیر معینہ مدت کے لیے معطل کیا گیا ہے، آپریشن افغان حکام کے غیر مناسب رویے کی وجہ سے بند کیا گیا ہے، کابل میں غیر ملکی فضائی آپریشن کے لیے غیر موزوں حالات بھی فیصلے کی وجہ ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئرلائن کے طیارے بغیر انشورنس کابل نہیں جائیں گے، افغان حکام کی جانب سے آخری لمحات میں فیصلوں کی تبدیلی بھی فلائٹ آپریشن بند کرنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔
افغانستان کی حکومت کے نائب ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی تصدیق کی کہ پی آئی اے اور کام ایئر سے اپنے ٹکٹوں کی قیمت 15 اگست سے پہلے والے ریٹ پر نہ رکھنے کے باعث فلائٹ آپریشن بند کرنے کا کہا ہے۔
افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ اے سی سی اے نے پی آئی اے اور افغانستان کی کام ایئر سے کہا تھا کہ اسلام آباد سے کابل کے فضائی ٹکٹ کی قیمتیں طالبان کی حکومت آنے سے پہلے والی رکھی جائیں۔