شبلی فراز نے پٹرول کی قیمت میں کمی کی نوید سنادی!

اسلام آباد: شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ملک میں پٹرول کی قیمت کم ہونے جارہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ شفاف اور آزاد انتخابات کے لیے جدوجہد کی، ہم نے (ن) لیگ حکومت کو انتخابی اصلاحات پر مجبور کیا، پسند کے نتائج حاصل کرنا مخالفین کی سیاست کا بنیادی ستون ہے۔ گلگت بلتستان میں تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم میں حصہ لیا، ماضی کی حکومتوں نے 10 سال میں مسائل کے حل کے لیے کچھ نہیں کیا، اپوزیشن کی تقاریرسے لگتا ہے کہ وہ اپنی شکست کو دھاندلی کا نام دیں گے، یہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہیں، ان کی سوچ جمہوری نہیں۔ ماضی کو دیکھتے ہوئے (ن) لیگ پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا، جس ادارے پر نواز شریف نے تنقید کی اسی سے مدد مانگی جارہی ہے، ایسے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ لوگ جمہوریت پسند نہیں، جمہوریت پسند لوگ منتخب حکومت کو گھر بھیجنے کی بات کیسے کرسکتے ہیں؟۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو کو پارٹی وراثت میں ملی، ہمارے لیڈر نے صفر سے جدوجہد شروع کی اور آج ملک کے مقبول ترین وزیراعظم ہیں، ملک کا مستقبل عمران خان سے جڑا ہوا ہے، ہم اداروں کو دوبارہ کھڑا کررہے ہیں، معاشی اشاریے بتارہے ہیں روزگار اور معیشت میں اضافہ ہورہا ہے، کورونا بحران نہ ہوتا تو پاکستان کی معیشت دگنی ہوجاتی، پاکستانی عوام کو جلد ہی حکومت کے اقدامات کے ثمرات ملیں گے، پٹرول کی قیمت کم ہونے جارہی ہے۔ اشیاکی قیمتوں میں کمی کے اقدامات جاری ہیں،مہنگائی کم ہورہی ہے اور مزید کم ہوگی۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ گھٹیا گفتگو کا آغاز مسلم لیگ ن کرتی ہے، مسلم لیگ (ن) نے بے نظیر بھٹو، جمائما اور پھر خاتون اول کے بارے میں گھٹیا گفتگو کی، سیاسی مخالفین کےخلاف گھٹیا زبان کا استعمال مسلم لیگ ن کا وتیرہ ہے، ہم نے ہمیشہ نوازشریف کی اہلیہ کا عزت و احترام کیا، (ن) لیگ ہمیشہ نازیبا الفاظ اور ذاتی حملے کرتی ہے۔

Shibli faraz