وکیل پر پالتو کتوں کے حملے کا مقدمہ، فریقین میں صلح

کراچی: ڈیفنس میں سینئر وکیل کے ساتھ پیش آنے والے سگ گزیدگی کے کیس میں فریقین کے درمیان صلح ہوگئی۔
کراچی میں ملزم ہمایوں نے زخمی وکیل سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ عدالت میں جمع کروائے گئے صلح نامے میں کہا گیا کہ ہمایوں خان کسی خطرناک جانور کو بطور پالتو جانور نہیں رکھیں گے اور اگر کوئی کتا رکھیں گے تو اس کو کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر میں رجسٹرڈ کرائیں گے۔


صلح نامے میں درج ہے کہ اگر کتوں کو باہر لے کر جائیں گے تو ٹرینر کی نگرانی میں حفاظتی انتظامات کے ساتھ لے کر جائیں گے۔ یہ بھی کہا گیا کہ جن کتوں نے مرزا اختر پر حملہ کیا تھا انہیں کسی تکلیف کے بغیر فوری مارا جائے گا اور کتوں کا مالک عائشہ چندریگر فاؤنڈیشن کو 10 لاکھ روپے فنڈ ادا کرے گا۔


واضح رہے کہ سینئر وکیل مرزا اختر ایڈووکیٹ پر 16 جون کو صبح 6 بجے کتوں نے اس وقت حملہ کیا تھا جب وہ اپنے گھر کے قریب واک کررہے تھے۔ اس واقعےکا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

compromise agreementDog attackKarachi Defencelawyer