پی ڈی ایم جلسہ، حکومت نے رُکاوٹیں ہٹادیں، آصفہ کی سربراہی میں ریلی!

ملتان: حکومت پنجاب نے قاسم باغ اسٹیڈیم میں پی ڈی ایم جلسے کو روکنے کے لیے رکھی گئی رکاوٹیں ہٹادی ہیں جس کے بعد کارکنوں کی جلسہ گاہ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق آصفہ بھٹو زرداری کی سربراہی میں گیلانی ہاؤس سے ریلی نکالی گئی جب کہ مریم نواز بھی ملتان پہنچ گئی ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے آج ملتان کے قاسم باغ اسٹیڈیم میں جلسے کا اعلان کررکھا ہے، بلاول بھٹو زرداری کے کورونا کا شکار ہونے کے باعث بے نظیر بھٹو کی سب سے چھوٹی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری بھی آج سے قومی سیاست میں انٹری دے رہی ہیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ جلسے کے انتظام کے لیے انصار الاسلام کے رضاکار بھرپور کردار ادا کررہے ہیں ، جلسہ ہونے تک ملتان میں رہیں گے اور یہیں ڈیرہ جمائیں گے۔
قاسم باغ اسٹیڈیم اطراف کے علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جب کہ شہر کے بیشتر مقامات پر کنٹینر لگا کر سڑکوں کو بند کردیا گیا تھا جس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم بعد میں انتظامیہ نے ملتان آنے والی سڑکوں سے کنٹینرز ہٹادیے اور شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ جس کے بعد کارکنان رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

Multan JalsaPDM