پاکستان کا بڑا اعزاز، آم برآمد کرنے والا دُنیا کا تیسرا بڑا ملک بن گیا

کراچی: میکسیکو دنیا کا سب سے بڑا آم برآمد کرنے والا ملک ہے تاہم پاکستان نے بھی اپنے ذائقہ دار آموں کی بدولت ٹاپ تھری میں جگہ بنالی ہے۔
آم، جسے پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے، نہ صرف ذائقے اور خوشبو میں بے مثال ہے بلکہ اس کی عالمی اہمیت بھی روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔
دنیا بھر میں آم کی پیداوار 55 ملین میٹرک ٹن سے تجاوز کرچکی ہے لیکن برآمدات کے میدان میں چند ممالک ہی نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، میکسیکو اس وقت دنیا کا سب سے بڑا آم برآمد کرنے والا ملک ہے، جو ہر سال قریباً 4.5 لاکھ میٹرک ٹن آم برآمد کرتا ہے۔
میکسیکو سے آم خریدنے والے اہم اور بڑے ممالک میں امریکا، کینیڈا، جاپان، جنوبی کوریا اور یورپ شامل ہیں۔
اگرچہ میکسیکو سرفہرست ہے، لیکن پاکستان کا کردار بھی عالمی منڈی میں مسلسل بڑھ رہا ہے۔ پاکستان ہر سال قریباً 1.5 لاکھ میٹرک ٹن آم برآمد کرتا ہے اور اس کا شمار دنیا کے ٹاپ 5 آم برآمد کرنے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان اپنے اعلیٰ معیار کے آموں کے لیے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے، جن میں چونسہ، سندھڑی، انور رٹول، لنگڑا سرفہرست ہیں۔
پاکستان کے آم زیادہ تر مشرق وسطیٰ، یورپ، شمالی امریکا اور جنوب مشرقی ایشیا کو برآمد کیے جاتے ہیں۔
2025 سے لے کر 2030 تک، عالمی آم مارکیٹ کی مالیت 70 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کا امکان ہے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ آم کی مانگ نہ صرف برقرار ہے بلکہ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
میکسیکو اپنی جغرافیائی قربت اور اعلیٰ معیار کی آم اقسام کی بدولت عالمی منڈی پر چھایا ہوا ہے، لیکن پاکستان بھی اپنے ذائقہ دار آموں بالخصوص چونسہ اور سندھڑی کے ذریعے ایک آم کی برآمدات میں بڑی طاقت بن کر ابھر رہا ہے۔

 

MangoPakistan Great HonorWorld Third Largest Mango Exporter