کانز: پاکستان کی شارٹ فلم نور نے بڑا عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا، فلم نور نے کانز ورلڈ فلم فیسٹیول میں اعزاز جیتا۔
عمر عادل کی ہدایت کاری میں بننے والی پاکستانی شارٹ فلم نور نے جنوری میں کانز ورلڈ فلم فیسٹیول کے آن لائن ایڈیشن میں صحت پر مبنی بہترین فلم کی کیٹگری میں ایوارڈ حاصل کیا ہے۔
بیرون ملک کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فلم کے ہدایت کار عمرعادل نے بتایا کہ یہ فلم چشمہ نہ پہننے کی وجہ سے بچوں پر پڑنے والے اثرات پر روشنی ڈالتی ہے اور اس میں وضاحت کی گئی ہے کہ یہ دباؤ ان کی شخصیت کو کیسے متاثر کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ایک بہت ہی پیاری کہانی ہے جو ایک بچی نور کی عینک پر مبنی ہے، وہ ایک بہت اچھی طالبہ ہے، لیکن جب اس کی بینائی کمزور ہونے لگتی ہے تو اسے کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
بنیادی طور پریہ فلم عینک سے جڑے ان منفی خیالات کے بارے میں ہے کہ کسی شخص کو چشمہ نہیں پہننا چاہیے ورنہ وہ بوڑھا نظر آئے گا۔
عمر عادل کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں ثروت گیلانی اور عمیر رانا سمیت چائلڈ آرٹسٹ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ اس فلم کا پریمیئر جلد کانز میں ہوگا۔