بھارت میں پھنسے 82 پاکستانی 9 جولائی کو وطن واپس آئیں گے!

لاہور: بھارتی حکومت نے اپنے ملک میں پھنسے 82 پاکستانیوں کی 9 جولائی کو واپسی کی اجازت دے دی۔
سفارتی حکام کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے نئی دہلی میں پاکستانی سفارت خانے کی درخواست پر بھارت میں مقیم پاکستانیوں کی واپسی کی اجازت دے دی ہے۔ مراسلے کے مطابق بھارتی ریاستوں نئی دہلی، مہاراشٹر، گجرات، مدھیہ پردیش، ہریانہ سمیت دیگر شہروں سے 82 پاکستانی شہری 9 جولائی کی صبح بھارت کے اٹاری بارڈر پہنچ جائیں گے۔ پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے واہگہ اٹاری سرحد خصوصی طور پر کھولی جائے گی۔ پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے اپنے شہریوں کی فہرست بھارتی وزارت داخلہ کو فراہم کی گئی ہے۔ بھارت سے واپس آنے والے پاکستانی شہریوں کا واپس پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ ہوگا اور انہیں قرنطینہ کیا جائے گا۔
ممبئی میں مقیم کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہری نے تصدیق کرتے ہوئے نجی ٹی وی کو بتایا کہ انہیں حکام کی طرف سے واپسی کے متعلق بتادیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے 27 مئی کو واپس آنا تھا مگر انہیں واپسی کی اطلاع ایک دن پہلے ملی، اُس وقت واپسی کے متعلق پولیس رپورٹ کروانے اور پھر ممبئی سے واہگہ بارڈر تک پہنچنے کا وقت نہیں تھا۔ اس وجہ سے کئی پاکستانی واپس نہ آسکے، تاہم خدا کا شکر ہے کہ اب تقریبا چار ماہ بعد ان کی واپسی ہورہی ہے۔
بھارت میں پھنسے پاکستانیوں میں سے زیادہ ترکا تعلق کراچی اور اندرون سندھ سے ہے اور ان میں ہندو برادری کے لوگ زیادہ ہیں جو مذہبی رسوم کی ادائیگی کے لیے بھارت گئے تھے لیکن کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کی واپسی نہ ہوسکی تھی۔ دوسری جانب پاکستان میں مقیم 114 بھارتی شہری 14 جولائی کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس جائیں گے۔

in IndiaPakistani