لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ کے مزید 7 کھلاڑیوں کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کردی۔
تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے مزید سات کھلاڑیوں میں مہلک ترین کوویڈ 19 کی تشخیص ہوگئی جبکہ ٹیم مینجمنٹ میں شامل ایک رکن کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر اسکواڈ میں شامل 35 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے 10 کھلاڑیوں کا ٹیسٹ مثبت آچکا ہے۔
جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں فخر زمان، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد حفیظ، شامل ہیں جبکہ فاسٹ باولر محمد حسنین، محمد رضوان اور وہاب ریاض کے بھی کرونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ میں شامل ملنگ علی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ شعیب ملک، کلف ڈیکن اور وقاریونس کا ابھی تک کورونا ٹیسٹ نہیں ہوا۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ روزحیدرعلی، حارث رؤف، شاداب خان میں کوئی علامات نہ تھیں اور تینوں کھلاڑیوں کی طرح ان7 کھلاڑیوں میں بھی کوئی علامات نہیں تھیں۔
ترجمان پی سی بی نے کہا کہ پی سی بی کا میڈیکل پینل کھلاڑیوں اور ٹیم مساجر سے رابطے میں ہے اور تمام کورونا مثبت کھلاڑیوں کو آئسولیشن کی ہدایت کردی ہے
وسیم خان کا کہنا تھا کہ علامات کے بغیر کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنا خدشے کی عکاسی ہے، دورہ انگلینڈ پر اثر نہیں پڑا قومی اسکواڈ 28 جون کو مانچسٹر روانہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اولین انتخاب میں شامل تمام کھلاڑی ٹیسٹنگ کے بعد پریکٹس کا آغاز کرسکتے ہیں۔
ترجمان پی سی بی نے مزید کہا کہ مصباح الحق انگلینڈ میں مجوزہ ٹریننگ شیڈول کا دوبارہ جائزہ لیں گے اور ریزرو کھلاڑیوں کی بیک اپ کے طور پر ٹیسٹنگ کا لائحہ عمل تیار کرینگے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل لیگ اسپنر شاداب خان، نوجوان کرکٹر حیدر علی اور حارث رؤف میں کرونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد تینوں کھلاڑیوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ سے قبل اتوار کو راولپنڈی میں کرونا ٹیسٹ ہونے تک کھلاڑیوں میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔
دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے گرین شرٹس کے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر برطانوی میڈیا کی جانب سے دورہ پاکستان پر پیدا کیے جانے والے شکوک و شبہات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پرپاکستان کے دورے کو کوئی خطرہ نہیں۔