پاکستان سے بھارت ہجرت کرنے والے ہندوخاندان کے 11 افراد کی پُراسرار ہلاکت

نئی دہلی: پاکستان کے صوبہ سندھ سے بھارت ہجرت کرنے والے ہندو خاندان کے گیارہ افراد کے ہلاک ہونے سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاکستان سے بھارت جاکر بسنے والوں کو بی جے پی کے دہشت گردوں نے قتل کیا ہے۔
تھرپارکر سے تعلق رکھنے والا ہندو خاندان کچھ عرصہ قبل راجستھان میں آباد ہوگیا تھا، ہندو خاندان نے جودھ پور کے علاقے ڈیچو کے لوڈتہ گاؤں میں سکونت اختیار کی تھی۔
مقامی افراد کے مطابق خاندان کے افراد پُراسرار طور پر صبح مردہ پائے گئے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے پُراسرار موت کے معاملے میں خاندانی تنازع میں قتل کا شبہے کا بھی اظہار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق پورے خاندان میں صرف ایک فرد محفوظ رہا لیکن بچ جانے والے شخص نے موت کے محرکات اور وجوہ سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بھیل برادری کے لوگ فارمنگ کےلیے فارم ہاؤس میں رہائش پذیر تھے، موت سے بچنے والے واحد فرد کا کہنا ہے کہ جو کچھ بھی ہوا، رات رہائشی ہٹ میں ہوا ہوگا۔
ایس پی راہول کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے خاندان نے رات میں کوئی کیمیکل پی کر اجتماعی خودکشی کی ہے کیونکہ ہٹ کے باہر اور لاشوں کے قریب کسی کیمیکل کی بو پھیلی ہوئی تھی۔ ایس پی کا کہنا تھا کہ ان افراد کی پراسرار موت کی وجوہ کا جائزہ لے رہے ہیں۔

بھارتپُراسرار ہلاکتہندو خاندان