پاکستانی کرکٹر حسن نواز کے گھر ننھے مہمان کی آمد

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان اور باصلاحیت بلے باز حسن نواز کے گھر خوشیوں کا سماں ہے، کیونکہ ان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی کرکٹر حسن نواز کے گھر بیٹے کی ولادت ہوئی ہے، جس پر اہلِ خانہ، دوستوں، ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں نے دلی مبارک باد پیش کی ہے۔
قریبی ذرائع کے مطابق حسن نواز اور ان کے اہلِ خانہ نے نومولود بیٹے کا نام محمد ابراہیم رکھا ہے، جو نہایت خوبصورت اور بابرکت نام ہے۔ کرکٹر کے پرستاروں نے سوشل میڈیا پر بھی انہیں نیک تمناؤں اور دعاؤں سے نوازا جب کہ مداحوں نے اپنے پیغامات میں لکھا کہ یہ ننھا مہمان حسن نواز کے لیے خوش بختی اور کامیابیوں کا پیغام ثابت ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ حسن نواز کو آئندہ سیریز کے لیے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے ان کی حالیہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد شارجہ کے سہ ملکی ٹورنامنٹ، ایشیا کپ، جنوبی افریقا کی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں مسلسل ناکامیوں کے پیش نظر سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ان کی جگہ تجربہ کار اوپنر فخر زمان کو شامل کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق حسن نواز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ قائداعظم ٹرافی میں بھرپور انداز میں شرکت کریں اور اپنی فارم و فٹنس کو بہتر بنائیں۔ یہ قومی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کا ساتواں مرحلہ ہے جو 11 نومبر سے شروع ہوگا اور کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیتیں منوانے کا ایک سنہری موقع فراہم کرے گا۔
مداحوں کی بڑی تعداد نے امید ظاہر کی ہے کہ حسن نواز جلد ہی اپنی بہترین فارم میں واپس آئیں گے اور دوبارہ قومی ٹیم کا حصہ بن کر پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کریں گے۔

cricketerHasan NawazNew Born Baby Boy