مدینہ منورہ: عمرہ کرنے کے لیے گئے پاکستانی شہری کو مسجد نبویؐ میں دل کا دورہ پڑا، انہیں فوری طبی امداد دے کر بچالیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق مسجد نبویؐ کے صحن میں 70 سالہ پاکستانی بزرگ کی طبیعت بگڑ گئی جنہیں فوری طبی امداد دی گئی۔
مسجد نبویؐ کی طبی ٹیم نے پاکستانی شہری کو فوری ایمبولینس سروس فراہم کی، اس دوران معلوم ہوا کہ بزرگ شخص کو دل کا دورہ پڑا ہے اور انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس دوران بزرگ کے دل کی دھڑکن دس منٹ تک رکی رہی، طبی عملے کی جانب سے بزرگ کو فوری طور پر سی پی آر دیا گیا، ساتھ ہی الیکٹرک شاکس بھی دیے گیے جس کے نتیجے میں 10 منٹ بعد ضعیف شہری کی دل کی دھڑکن بحال ہوگئی۔
بعدازاں بزرگ کو الصفیہ ہیلتھ سینٹر منتقل کردیا گیا، جہاں طبیعت میں بہتری کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا۔
خیال رہے کہ سال کی شروعات سے اب تک مسجد نبویؐ میں 7 ہارٹ اٹیک کیسز سامنے آچکے ہیں۔