دوسرے میچ میں بھی ویسٹ انڈیز ناکام، سیریز پاکستان کے نام

ملتان: پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی ویسٹ انڈیز المعروف کالی آندھی کو دوسرے مقابلے میں بھی یک طرفہ مقابلے کے بعد شکست کا منہ دیکھنا پڑا، ویسٹ انڈیز ہدف کے تعاقب میں 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس طرح میزبان پاکستان نے اُسے 120 رنز سے زیر کرکے سیریز اپنے نام کرلی۔
نواز کی شان دار گیند بازی، 19 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے اُڑے، محمد وسیم نے بھی تین مہرے کھسکائے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کائل میئرز 33 اور شمر بروکس 42 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کرپائے، باقی بلے بازوں نے ہتھیار ڈال دیے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچ پر مشتمل سیریز کے دوسرے ون ڈے میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ، دوسرے میچ کے لیے ایک تبدیلی کی گئی ،حسن علی کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے حریف ٹیم کو جیت کے لیے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 276 رنز کا ہدف دیا ۔
کپتان بابراعظم نے 93 بالوں پر 77 رنز جبکہ امام الحق نے 72 گیندوںپر 72 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، شاداب خان 22، فخر زمان 17 اور محمد رضوان 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد حارث اور محمد نواز کا بلا نہیں چلا اور بالترتیب 3-6 رنز بنا کر چلتے بنے۔ خوش دل شاہ کو فلپ نے 22 رنز پر شکار کیا۔ 50 اوورز مکمل ہونے پر محمد وسیم 17 اور شاہین شاہ آفریدی 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کے بولر اکیل حسین نے 3 جبکہ الرازی جوزف اور اینڈرس فلپ نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔

2nd OdiClass bowlingMohammad NawazPakistan beatPakistan vs west indiesWest indies tour of Pakistan