پاکستان نے جنوبی افریقا کو 9 وکٹ سے ہرادیا، بابر کی شاندار سنچری!

سنچورین: بابر اعظم کی جارحانہ بلے بازی اور ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی اولین سنچری کی بدولت پاکستان نے سیریز کے تیسرے میچ میں میزبان جنوبی افریقا کو باآسانی 9 وکٹ سے مات دے دی۔رضوان 73 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
تیسرے ٹی ٹوئنٹی کا ٹاس پاکستان نے جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جنوبی افریقا کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو انتہائی جارحانہ 108 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ جانمن میلان 55 جب کہ ایڈن مارکرم 63 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ان کی عمدہ اننگز کی بدولت جنوبی افریقا نے مقررہ بیس اوور میں 203 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا اور اُس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز 2 وکٹ لے کر سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔ فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔


پاکستان نے ہدف کا تعاقب انتہائی جارحانہ انداز میں کیا اور بالآخر اُسے 18 ویں اوور میں حاصل بھی کرلیا۔ محمد رضوان اور بابر اعظم نے جنوبی افریقی بولروں کا بھرکس نکال کے رکھ دیا، خصوصاً کپتان بابر اعظم کی 4 چھکوں اور 15 چوکوں سے سجی شاندار 122 رنز کی اننگز سے شائقین خاصے محظوظ ہوئے۔ دونوں بلے بازوں نے وکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیل کر جنوبی افریقی بولروں کو حسرت و یاس کی تصویر بنائے رکھا۔
جب قومی ٹیم جیت سے محض 7 رنز کی دوری پر تھی کہ کپتان بابر اعظم 122 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اُن کے بعد آنے والے بیٹسمین فخر زمان نے اگلی دونوں گیندوں کو باؤنڈری کے باہر بھیج کر جیت کا جشن منایا۔ بابر اعظم شاندار اننگز پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

9th WicketsBabar Azam maiden hundredMuhammad rizwanPakistan beatPakistan vs south africaT 20 series