نیپئر: وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی شان دار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں میزبان نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے زیر کرلیا۔
آخری مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔ اس بار نیوزی لینڈ کے اوپنر اور ٹم سیفرٹ کوئی بڑی اننگز نہ کھیل سکے۔ کپتان ولیمسن بھی ناکام رہے۔ ڈیون کانوے 63 رنز بناکر ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے۔ نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے نپی تلی گیند بازی کی اور محض 20 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی اور حارث رؤف کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔
پاکستان نے ہدف کے تعاقب کا آغاز انتہائی ذمے داری سے کیا، محمد رضوان اور محمد حفیظ کے درمیان 72 رنز کی شاندار پارٹنرشپ رہی۔ حفیظ 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان کھیل کے آخری لمحات میں 89 رنز کی فتح گر اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔ افتخار احمد نے فلک بوس چھکا رسید کرکے فتح کا جشن منایا۔
محمد رضوان کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا جب کہ نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹم سیفرٹ پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔ واضح رہے کہ سیریز 2-1 سے نیوزی لینڈ کے نام رہی۔