سہ ملکی سیریز، دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ہرادیا

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں جاری سہ فریقی کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے میزبان کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔
پاکستان نے 19ویں اوور کی دوسری گیند پر 148 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کیا۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے فن ایلن اور ڈیون کونوے نے اننگز کا آغاز کیا۔
پاکستان کو پہلا بریک تھرو محمد وسیم جونیئر نے تیسرے اوور میں فن ایلن کی صورت میں دیا جو محض 13 رنز ہی بناسکے۔
نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے 36، کپتان کین ولیمسن 31، گلین فلیپس 18، مارک چیپمئن 32، جیمز نیشام 5، مائیکل بریس ویل صفر، ایش سوڈھی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ بالترتیب 1 اور 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، حارث نے 19ویں اوور میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور 4 اوورز میں 28 رنز دیے۔
اس کے علاوہ محمد وسیم جونیئر اور محمد نواز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہ نواز ڈاہانی ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، رضوان 12 گیندوں پر صرف 4 رنز ہی بناسکے۔
کپتان بابر اعظم نے 79 رنز کی ناقابلِ شکست ذمے دارانہ اننگز کھیلی، مڈل آرڈر بیٹر شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے ہی آؤٹ ہوگئے۔
چوتھے نمبر پر غیر معمولی طور پر آل راؤنڈر شاداب خان بیٹنگ کے لیے آئے، شاداب نے 22 گیندوں پر 34 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔ اس کے بعد محمد نواز آئے اور انہوں نے 19 بالز پر 16 رنز بنائے۔
بیٹر حیدر علی نے 2 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 10 رنز بنائے اور وننگ شاٹ کھیلا۔ شان دار بلے بازی پر کپتان بابر اعظم کو مین آف دی میچ کا اعزاز عطا کیا گیا۔
خیال رہے کہ ٹرائنگولر سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 21 رنز سے شکست دی تھی۔

babar azamman of the matchPakistan Beat Home TeamPakistan vs New ZealandT20 Triangular Series