کراچی: کپتان بابر اعظم اور رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کا 200 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔
200 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کرکے انگلینڈ کے خلاف 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔
پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 200 رنز کا ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے پورا کرنے والی دنیا کی واحد ٹیم بھی بن گئی ہے۔
ہدف کے تعاقب میں بابر اعظم نے 66 گیندوں پر 110 رنز بنائے جس میں 5 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے جب کہ رضوان نے 51 گیندوں پر 88 رنز کی اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 4 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔
بابراعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ اس سے قبل انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف 122 رنز کی اننگز 2021 میں کھیلی تھی۔
بابر اعظم پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ نصف سنچریوں کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔
اس کے علاوہ بابر پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل سنچریاں بنانے والے کپتان بھی بن گئے، بحیثیت کپتان ان کی سنچریوں کی تعداد 10 ہے جب کہ انضمام الحق 9 سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف بغیر کسی وکٹ کے 203 رنز پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے بڑی شراکت داری بھی ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔
دونوں ٹیموں میں ایک، ایک تبدیلی کی گئی، پاکستان ٹیم میں نسیم شاہ کی جگہ محمد حسنین کو شامل کیا گیا جب کہ انگلش ٹیم میں رچرڈ گلیسن کی جگہ لیام ڈاؤسن کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔
پاکستان کے خلاف انگلینڈ کا آغاز اچھا رہا، دونوں اوپنرز کے درمیان 42 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر ایلکس ہیلز 21 گیندوں پر 26 رنز بناکر ڈاہانی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
انگلینڈ کو دوسرا نقصان 42 کے مجموعی اسکور پر ہی اٹھانا پڑا، ڈیوڈ ملان پہلی ہی گیند پر ڈاہانی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ پاکستان کو تیسری کامیابی فل سالٹ کی صورت میں ملی، وہ 27 گیندوں پر 30 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ اس کے علاوہ بین ڈکٹ 43 اور ہیری بروک 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
تاہم اختتامی اوورز میں کپتان معین علی نے جارحانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور مقررہ 20 اوورز میں 199 تک پہنچایا، وہ 23 گیندوں پر 55 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ بابر اعظم شاندار سنچری پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
پاکستان کی جانب سے شاہ نواز ڈاہانی اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد حسنین سب سے مہنگے بولرز ثابت ہوئے، انہوں نے4 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے 51 رنز دیے۔
واضح رہے کہ آج پاکستان کی جیت کے ساتھ سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی، پہلے میچ میں انگلش ٹیم نے گرین شرٹس کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی تھی۔
7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے چار میچز کراچی اور تین لاہور میں ہوں گے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔