راولپنڈی: پاکستان اور زمبابوے کے کھلاڑیوں، مینجمنٹ اراکین اور آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ایک روزہ سیریز سے قبل اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں لیے گئے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، مینجمنٹ اراکین اور آفیشلز کے کُل 107 ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔
ان تمام افراد کے کورونا ٹیسٹ گزشتہ روز لیے گئے تھے، جن کی رپورٹس منفی آنے کے بعد اب یہ تمام کھلاڑی، مینجمنٹ اراکین اور آفیشلز بائیو سیکیورببل کا حصہ بن گئے ہیں۔ ان تمام افراد کو آپس میں ملنے جُلنے کی مکمل آزادی ہے۔
قومی اسکواڈ پیر کو بذریعہ روڈ لاہور سے اسلام آباد پہنچا تھا جب کہ مہمان اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اور آفیشلز بھی گزشتہ روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل منتقل ہوئے تھے۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ سپر لیگ میں شامل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے دونوں اسکواڈز آج پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ٹریننگ کا آغاز کرچکے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ 30 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔