گال: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کل (اتوار) سے شروع ہونے والے گال ٹیسٹ میں سابق کپتان سرفراز احمد کے ساتھ بیٹر شان مسعود کی شمولیت کا بھی امکان ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کے مطابق شان مسعود نے پریکٹس میچ میں 83 رنز اسکور کیے تھے، گال ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم دو اسپنرز اور دو فاسٹ بولرز کے ساتھ کھیلے گی۔
ممکنہ 11 کھلاڑیوں میں بابراعظم، امام الحق اور عبداللہ شفیق شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ شان مسعود، سعود شکیل، سرفراز احمد، آغا سلمان کے شامل ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد کے شامل ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل 16 جولائی سے گال میں شروع ہوگا، اس کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم کا 24- 2023 انٹرنیشنل سیزن بھی شروع ہوجائے گا جو خاصا مصروف اور چیلنجنگ ہے۔
گال میں کھیلا جانے والا یہ ٹیسٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25 ۔2023 میں پاکستانی ٹیم کا پہلا ٹیسٹ بھی ہے۔
اس سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 24 جولائی سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
اس انٹرنیشنل سیزن میں پاکستانی ٹیم کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچوں کے علاوہ ایشیا کپ، کرکٹ ورلڈکپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی حصہ لینا ہے۔