اسلام آباد: ضلع دیامر میں دسمبر 2020 تک پاک فوج کے 120 دستے تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری حاصل کی گئی۔ محکمہ داخلہ گلگت بلتستان نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج طلب کرنے کی درخواست کی تھی۔
ڈیم کی تعمیر کے لیے زمین کے حصول کے دوران تھریٹ الرٹ موصول ہوئے۔ ڈیم پر کام کرنے والوں اور دیگر وسائل کی سیکیورٹی پاک فوج دیکھے گی۔
1974 میں اپنی تکمیل کے بعد تربیلا ڈیم پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا آرہا ہے۔ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے تربیلا ڈیم کی عمر میں مزید 35 سال کا اضافہ ہوجائے گا۔
یہ پروجیکٹ مقامی لوگوں کے لیے بھی ایک نعمت ثابت ہوا ہے۔ سماجی ترقی کے لیے اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت 78 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں، مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔