اسلام آباد: حکومت نے کرنل (ر) آصف زمان کو ملک میں کھیلوں کے فروغ کے ادارے پاکستان اسپورٹس بورڈ کا نیا ڈائریکٹر جنرل تعینات کردیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے کرنل ریٹائرڈ آصف زمان کی بطور ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس کے مطابق آصف زمان کی تعیناتی تین سال کے لیے کی گئی، تاہم ان کی تعیناتی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم نامے سے مشروط کیا گیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈی جی اسپورٹس بورڈ کی تعیناتی سے متعلق رٹ پٹیشن دائر ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے قائم ادارے پاکستان اسپورٹس بورڈ کا گزشتہ دو برس سے مستقل سربراہ نہیں تھا اور ماتحت افسران کو قائم مقام کا اضافی چارج دے کر ادارے کے امور انجام دیے جارہے تھے۔