ریاض: کورونا کا افریقی ویرینٹ اومی کرون دُنیا بھر میں نت نئی پابندیوں کا باعث بن رہا ہے۔ سعودی عرب نے اومی کرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر کورونا پابندیوں میں مزید سختی کرتے ہوئے ایک عمرے کے بعد فوری طور پر دوسرے عمرے کی سہولت ختم کردی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے عمرہ پرمٹ کے اجرا کی پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے ایک عمرے کے بعد دوسرے عمرے کے درمیان کم از کم 10 دن کا وقفہ لازمی قرار دے دیا ہے۔
قبل ازیں معتمرین کو ایک عمرے کے فوری بعد دوسرا عمرہ پرمٹ حاصل کرنے کی اجازت تھی، تاہم اب یہ سہولت ختم کرتے ہوئے 10 روز سے کم وقفے پر اجازت نامہ جاری نہیں کیا جائے گا۔ یہ اقدام اومی کرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث اُٹھایا گیا ہے۔
سعودی حکومت کے اس اقدام کا مقصد رش کو کم کرنا اور مطاف میں طواف اور نماز کے دوران سماجی فاصلہ سمیت احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔
خیال رہے کہ اومیکرون ویریئنٹ کے کیسز میں اضافے کے باعث مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں کورونا پابندیاں دوبارہ نافذ کی جارہی ہیں۔ حال ہی میں ماسک کی پابندی اور سماجی فاصلہ رکھنے کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔