بروقت معاوضہ نہ دینا اداکاروں کی توہین ہے، رمشا/ خوشحال خان

کراچی: ٹی وی اداکاروں رمشا خان اور خوشحال خان نے وقت پر معاوضے ادا نہ کیے جانے پر پروڈیوسرز سے شکوہ کیا ہے۔
اداکار رمشا خان اور خوشحال خان نے حالیہ گفتگو میں انکشاف کیا کہ یہ مسئلہ اس حد تک عام ہوچکا، اس کے باعث اداکاروں کو اپنی عزتِ نفس مجروح ہونے کا احساس ہونے لگا ہے۔
بی بی سی ایشین نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے رمشا اور خوشحال نے کہا کہ بروقت معاوضہ نہ دینا اداکاروں کی توہین کے مترادف ہے۔ خوشحال خان نے کہا کہ جب اداکار اپنی بہترین کارکردگی پیش کرتے ہیں تو انہیں فوری ان کا حق ملنا چاہیے، کیونکہ تاخیر تخلیقی صلاحیتوں پر منفی اثر ڈالتی ہے۔
رمشا خان نے اس بات پر زور دیا کہ بروقت ادائیگیاں صرف مالی مسئلہ نہیں بلکہ ان کی بقا کا معاملہ بھی ہے، انہیں اپنے اخراجات پورے کرنے ہوتے ہیں۔ رمشا نے مزید بتایا کہ تاخیر سے ادائیگیوں کے مسئلے سے بچنے کے لیے وہ سیٹ پر جانے سے انکار کردیتی ہیں اور جب تک انہیں معاوضہ نہ دیا جائے وہ سیٹ پر نہیں جاتیں۔
انہوں نے انڈسٹری میں فنکاروں کے اتحاد کی کمی پر افسوس کا اظہار کیا، کہ اکثر اداکار اس مسئلے پر آواز اٹھانے سے گریز کرتے ہیں۔ خوشحال خان نے امید ظاہر کی کہ اس معاملے پر انڈسٹری میں جلد اتفاقِ رائے پیدا ہوگا کیونکہ وہ کئی ایسے افراد کو جانتے ہیں جو اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
دونوں اداکاروں نے پروڈیوسرز اور ہدایت کاروں کو پیشہ ورانہ رویہ اپنانے اور بروقت ادائیگیاں یقینی بنانے کا مشورہ دیا تاکہ انڈسٹری کا ماحول بہتر ہو اور اداکاروں کی عزت مجروح نہ ہو، کیونکہ وہ بے حد محنت سے کردار میں ڈھل کر اسے نبھاتے ہیں۔

ActorsBig RevealedKhushal Khan KhattakNot Paying CompensationOn timeRamsha Khan