ٹریفک کا شور روکنے والی برقی کھڑکیاں

سنگاپور: مصروف شاہراہوں پر واقع دفاتر اور گھروں میں ٹریفک کا ناقابلِ برداشت شور محسوس ہوتا ہے۔ اب سنگاپور کے انجینیئروں نے کھڑکی پر لگائے جانے والے ایک آلے کے ذریعے اس شور کو 50 فیصد تک کم کرنے کا کامیاب عملی مظاہرہ کیا ہے۔

بالخصوص موسمِ گرما میں اگر شورکی وجہ سے کھڑکیاں بند کی جائیں تو حبس کی باعث گھر کے اندر بیٹھنا محال ہوجاتا ہے۔ اسی مسئلے کو دیکھتے ہوئے نان یانگ ٹیکنالوجی یونیورسٹی، سنگاپور کے بان لیم اور ان کے ساتھیوں نے ایک مؤثر آلہ بنایا ہے جو کھڑکی سے آنے والے شور کی شدت کو نصف کرسکتا ہے یعنی 10 ڈیسی بیل کا شور کم کرنے کے قابل ہے۔

اس کے لیے انہوں نے ایشیا کی عمارتوں کی کھڑکیوں میں لگائی جانے والی جالیوں والی کھڑکی کو دیکھتے ہوئے چھوٹے لاؤڈ اسپیکر استعمال کئے جن کی تعداد 24 تھی اور انہیں 8 فٹ چوڑی اور 3 فٹ اونچی گرل والی کھڑکی پر لگایا گیا۔ ماہرین کے مطابق اندر آنے والے شور کی فری کوئنسی کے لحاظ سے اسپیکروں کے درمیانی فاصلے کا تعین کیا جاتا ہے۔