نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز، 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم داخلے کی اجازت

لاہور: نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت مل گئی۔
این سی او سی کی جانب سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے جس کے بعد پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول تینوں ایک روزہ میچز کے لیے کُل 4500 تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے کُل 5500 تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی، صرف کورونا ویکسین کی خوراکیں مکمل کرنے والے تماشائیوں کو ہی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔


اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ تماشائیوں کو کھیلوں کے کسی بھی ایونٹ کا حقیقی اثاثہ مانا جاتا ہے، خوشی ہے کہ این سی او سی نے پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ سیریز کے 8 میچز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی ہے۔
وسیم خان نے کہا کہ سیریز میں شرکت کے لیے قومی اسکواڈ 8 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گا، اسلام آباد میں ایک روزہ قرنطینہ کے بعد قومی اسکواڈ 10 ستمبر کو ٹریننگ کا آغاز کردے گا جب کہ نیوزی لینڈ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کو فیملیز اپنے ہمراہ لانے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کے تمام میچز دوپیر 2.30 بجے شروع ہوں گے جب کہ لاہور میں شیڈول تمام ٹی ٹوئنٹی میچز رات 7 بجے شروع ہوں گے۔

cricket teamNew zealandstadiumTour of Pakistan