لاہور: عالمی ٹیسٹ چیمپئن نیوزی لینڈ کے دورۂ پاکستان کی راہ ہموار ہوتی نظر آرہی ہے۔ ٹی20 ورلڈکپ سے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے کیوی ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان ظاہر کردیا۔
نيوزی لينڈ کرکٹ بورڈ کے چيف ايگزيکٹو ڈيوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے ساتھ مل کر دورے کے حوالے سے کام کررہے ہیں، حکومت کی ایجنسیز کے ساتھ رابطے میں ہیں اب تک سب اچھا ہے، ہمیں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے یقین دہانی بھی کرائی جا رہی ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کےساتھ معاملات ٹھيک رہے تو ہم پاکستان کا دورہ کريں گے۔
واضح رہے کہ ستمبر اکتوبر میں پاکستان اور نیوزی لینڈ نے وائٹ بال کرکٹ سیریز کھیلنی ہے جب کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 18 برسوں کے بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔
اس سے قبل نيوزی لينڈ کرکٹ ٹیم نے آخری بار 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ جس میں 5 ون ڈے میچز کھیلے گئے تھے۔
دورہ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت انضام الحق کررہے تھے، یاسر حمید دورے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے جب کہ محمد سمیع نے سیریز میں 8 وکٹیں حاصل کیں تھیں، دورہ جاری تھا کہ دہشت گردی کا ایک افسوس ناک واقعہ رونما ہونے پر نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنا ٹور مکمل کیے بغیر واپس چلی گئی تھی۔