لاہور: ملک میں کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے جعلی اندراج کا سلسلہ رُک نہیں سکا ہے، لندن میں مقیم سابق وزیراعظم نواز شریف کو سائنوویک کے بعد کین سائنو کی ڈوز بھی لگ گئی، نواز شریف کو کین سائنو ویکسین نارووال پبلک اسکول سے لگی۔
نواز شریف کی ویکسی نیشن کا جعلی اندراج مذاق بن گیا، 22 ستمبر کو نوازشریف کو سائنوویک کی پہلی ڈوز خواجہ سعید ہسپتال میں لگائی گئی اور ٹھیک 11 دن بعد کین سائنو سنگل ڈوز لگاکر سابق وزیراعظم کو لندن بیٹھے ویکسی نیٹ کردیا گیا۔
نواز شریف کی دوسری ڈوز کے پارشل اسٹیٹس کے مطابق نواز شریف کو 3 اکتوبر کو کین سائنو کی سنگل ڈوز لگائی گئی۔ یہ ڈوز نارووال کے پبلک اسکول میں لگائی گئی۔
ادھر نواز شریف کی جعلی انٹری کی خبر چلنے کے بعد محکمہ صحت نے ویب سائٹ سے انٹری کا ڈیٹا ہٹادیا۔ ذرائع محکمہ صحت کے مطابق دوسری جعلی ڈوز کا کیس ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے گا اور ذمے داران کے خلاف ایکشن ہوگا۔
دوسری جانب نواز شریف کی پہلی ڈوز لگانے والے افراد کے خلاف محکمہ صحت اور ایف آئی اے کی انکوائری کمیٹی کام کر رہی ہے جس میں تین افراد کی نشان دہی کی گئی تھی جن میں سے دو افراد گرفتار ہیں۔