نئی دہلی: بھارت کے سابق کرکٹر اور سیاست دان نوجوت سنگھ سدھو کانگریس پنجاب کے سربراہ کے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
سدھو رواں برس ہی بھارتی پنجاب کے لیے کانگریس چیف مقرر ہوئے تھے، ان سے قبل سنیل جاکھر پنجاب کانگریس کے سربراہ کے عہدے پر فائز تھے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ کانگریس پارٹی کے کچھ لوگوں نے بتایا کہ سدھو اس بات سے کافی مایوس ہیں کہ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کے مستعفی ہونے کے بعد ان کا نام کیوں تجویز نہیں کیا گیا۔
تاہم بھارتی میڈیا یہ امکان ظاہر کررہا تھا کہ رواں ماہ نوجوت سنگھ سدھو کو بھارتی پنجاب کا وزیرِاعلیٰ بنادیا جائے گا۔
سدھو نے اپنا استعفیٰ پارٹی سربراہ سونیا گاندھی کو بھیجا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں پنجاب کے مستقبل اور پنجاب کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرسکتا۔ اس لیے میں پنجاب پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خاصا امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ نوجوت سنگھ سدھو پنجاب کے وزیراعلیٰ کے لیے سب سے مضبوط امیدوار ہیں۔