لاہور: اداکارہ نادیہ جمیل نے بیٹے کی پرورش اور شادی کے بعد بہو سے تعلقات سے متعلق بیان دیا ہے، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔
نادیہ جمیل نے حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے خوشخبری سُنائی ہے ان کے بیٹے کی آئندہ ماہ بات پکی ہوگی اور اگلے سال بیٹے کی شادی بھی متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹے کی شادی کے بعد وہ بہو کے بجائے بیٹے پر چیل کی طرح نظر رکھیں گی، تاکہ دیکھ سکیں کہ کہیں وہ کسی کی بیٹی کے ساتھ کوئی حق تلفی تو نہیں کررہا یا اس کو پرایا محسوس تو نہیں ہونے دے رہا، کیونکہ یہ گھر اس کا بھی ہے۔
نادیہ کا کہنا تھا کہ یہ میرا کام ہے کہ میں دیکھوں کہ میرا بیٹا اپنی بیوی کو گھر میں کم تر یا چھوٹا تو محسوس نہیں کروارہا، ان کا کہنا تھا کہ یہ ماؤں کا کام ہے کہ وہ اپنے بیٹوں کی اچھی تربیت کریں اور انہیں آگاہ کریں، عورت کی آزادی اس کا حق ہے وہ ایک امانت ہے جو اللہ نے باپ کو دی اور اب آپ کو دی کہ آپ اسے سنبھالو۔
ان کا کہنا تھا کہ شوہر اور بیوی کو اپنا تعلق ایسا بنانا چاہیے کہ وہ ایک دوسرے سے رائے مشورے کرکے آگے بڑھیں۔
نادیہ جمیل کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس پر صارفین انہیں خوب سراہتے ہوئے ماؤں کو بیٹوں کی اسی طرح پرورش کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔