لاہور: مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار (ن) لیگ کے 58 کارکنوں کو عدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا۔
لاہور پولیس نے مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار (ن) لیگ کے 58 کارکنوں کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا۔ پولیس کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ہنگامہ آرائی میں ملوث مزید ملزمان کی نشان دہی اور دیگر پہلوؤں پر تحقیقات کے لیے گرفتار افراد کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیا جائے۔
(ن) لیگی کارکنوں کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے فرہاد علی شاہ نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ سیاسی ہے اور کارکنوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ ختم کرکے انہیں رہا کیا جائے۔
عدالت نے فریقین کے موقف سننے کے بعد ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی، عدالت نے ملزمان کو 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا۔