میانمار کے فوجی حکمران جنرل مِن آنگ ہلینگ نے ملک میں نئی عبوری حکومت قائم کرتے ہوئے خود نگران وزیراعظم بننے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 6 ماہ قبل منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے والے میانمار کےکمانڈرانچیف جنرل من آنگ نے نئی نگران حکومت کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق جنرل من آنگ ملک کے نگران وزیراعظم ہوں گے اور جنرل سووین میانمار کے نائب وزیراعظم ہوں گے۔
نگران وزیراعظم نے ایک بار پھر ملک میں کثیرجماعتی انتخابات کرانےکا وعدہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال فروری میں میانمار میں فوج نے اقتدار پر قبضہ کرکے ایک سال کی ایمر جنسی نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آنگ سان سوچی سمیت دیگر رہنماؤں کو گرفتار کرلیا تھا۔
منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے میانمار میں احتجاج کے دوران سیکڑوں سیاسی کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے، انسانی حقوق کی خراب صورتحال پر امریکا اور یورپی ممالک کی جانب سے میانمار کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔