ملکی حالات سے پریشان منیب بٹ اپنی بیٹی کیلئے خوفزدہ

کراچی: اداکار منیب بٹ نے ملک کے حالات سے پریشان ہوکر اپنی بیٹی امل کے مستقبل اوراس کی حفاظت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

چند روز قبل لاہورموٹروے پر خاتون کے ساتھ پیش آنے والے اجتماعی زیادتی کے خوفناک واقعے اوراس سے قبل کراچی میں 5 سال کی بچی کے ساتھ زیادتی کے بعد اسے جلا کرقتل کرنے کے سانحے سمیت کئی معصوم  بچوں، بچیوں اورخواتین کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کے واقعات نے پورے ملک کوجھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

ملک میں بچوں اور خواتین کے ساتھ پے درپے ہورہے زیادتی کے واقعات پرعوام کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔ شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس ظلم پر مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں۔

کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار اداکارمنیب بٹ نے اپنی ننھی بیٹی امل کے لیے بھی کیا۔ انہوں نے ملک میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کے حوالے سے تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ’’ہرروزصبح اٹھ کراپنی بیٹی کو دیکھتا ہوں محبت سے اطمینان سے بے حد چاہ سے لیکن اب اس میں بے حد خوف بھی شامل ہوگیا ہے سوچتا ہوں کیا یہ خوف ہمیشہ رہے گا؟‘‘

انہوں نے اپنی پوسٹ کے ذریعے حکمرانوں اورقانون کے محافظوں کو جگانے کی کوشش کی ہے کہ یہ ملک خواتین اوربچیوں کے لیے محفوظ بنایا جائے اور زیادتی کے مجرمان کو سخت سزا دی جائے تاکہ کوئی بھی باپ اپنی بچی کے لیے اس طرح خوفزدہ نہ ہو۔

واضح رہے کہ تین روز قبل لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹروے پر انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔ ایک خاتون رات تقریباً ڈیڑھ بجے اپنی کار میں بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ جارہی تھی کہ اس کی گاڑی کا پیٹرول ختم ہوگیا جس کے باعث خاتون وہیں رک کر مدد کا انتظار کرنے لگی۔

اتنی دیرمیں درندہ صفت دو افراد  موٹروے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور بچوں کو گاڑی سے نکال کر قریبی جھاڑیوں میں لے گئے جہاں ان دونوں نے بچوں کے سامنے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔