لاہور: ملک کے قابل فخر سپوت اور دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف کو ایوان صدر نے مدعو کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف کے والد سلمان کاشف نے تصدیق کی ہے کہ 13 جون کو صدر عارف علوی سے ملاقات کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔
شہروز کاشف حال ہی میں تین ہفتوں میں تین چوٹیاں سر کرکے نیپال سے لاہور لوٹے ہیں، وہ اب تک 8 ہزار میٹر سے بلند 7 چوٹیاں سر کرچکے ہیں جس میں ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو شامل ہیں۔
پہلے ایک بیان میں شہروز کاشف کے والد نے حکومتی سپورٹ نہ ہونے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کامیابیوں کا کریڈٹ سب لیتے ہیں لیکن کوئی سرپرستی نہیں کرتا۔