کراچی: سینئر اداکار عدنان صدیقی نے کہا ہے کہ عورت کا معاشرے میں برابر کا حصہ ہے، اسے پیر کی جوتی سمجھ لینا اب ناممکن ہے۔
موٹروے زیادتی کیس کے خلاف شوبز سے وابستہ شخصیات بھی پیش پیش رہی ہیں اور مختلف فنکار اس حوالے سے اپنے خیالات سے قوم کو آگاہ کرچکے ہیں، اداکارہ نیلم منیر نے وزیراعظم عمران خان سے عدالتی اصلاحات کا مطالبہ کیا تو بشریٰ انصاری نے ایسے مجرمان کی جنسی صلاحیت ختم کرنے کی بات کی۔
اس حوالے سے کراچی پریس کلب میں احتجاج کے دوران اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ یہ حیوانیت نہیں درندگی ہے، انسانیت کا کردار نظر نہیں آرہا، بہ حیثیت مرد میں شرمندہ ہوں، اس درندگی کے بعد جوعورتیں انصاف کا مطالبہ کرتی ہیں، انہیں سلام پیش کرتا ہوں، عورت مظلوم نہیں مضبوط ہے۔
عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ عورت کا معاشرے میں برابر کا حصہ ہے، عورت کو پیر کی جوتی سمجھ لینا اب ناممکن ہے، جب تک احتساب نہیں ہوگا ہم تب تک یہ بات کرتے رہیں گے، عدالتوں میں پیشی کے وقت خواتین کو کیمروں پر شوٹ کیا جاتا ہے، خواتین سے عجیب سوالات کیے جاتے ہیں، یہ اب بند ہونا چاہیے، یہ میری، آپ کی اور اس معاشرے کی ذمے داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے آفیشلز ایک دوسرے کو ملزموں کا سراغ ملنے پر مبارک باد دے رہے ہیں لیکن یہ حیوانیت کب تک ہوتی رہے گی، پنجاب واقعے پر ہمارا سر شرم سے جھکا ہوا ہے۔