کراچی: شہر قائد کے علاقے قیوم آباد کی رہائشی ماں بیٹی زہریلی چیز کھانے سے جاں بحق، ماں بیٹی گھر میں اکیلی رہائش پذیر تھیں، جن کا آبائی تعلق فیصل آباد سے بتایا جاتا ہے۔
ڈیفنس تھانے کی حدود مکان نمبر 8 گلی نمبر 19 طبیبہ مسجد کے قریب سیکٹر 13 بی ایریا قیوم آباد کی رہائشی دو خواتین نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب زہریلی چیز کھالی۔
اطلاع ملنے پر چھیپا ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئیں اور دونوں خواتین کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ ایک خاتون 16 سالہ ماہ نور دختر عمران جاں بحق ہوچکی ہے جب کہ دوسری خاتون 40 سالہ کلثوم زوجہ عمران کی حالت بھی غیر ہے جس کا فوری علاج معالجہ شروع کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے خاتون کو بچانے کی دو گھنٹے تک کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی اور دوران علاج دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی خواتین ماں بیٹیاں ہیں جو کافی عرصہ سے مذکورہ گھر میں اکیلی رہائش پذیر تھیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق لگتا ایسا ہے کہ جاں بحق ہونے والی ماں بیٹی نے زہریلی شے کھائی یا پلائی گئی ہے یا اتفاقیہ طور پر انہوں نے خود پی ہے جب کہ رات کو جناح اسپتال میں لیڈی ایم ایل او کی عدم دستیابی کے باعث پولیس نے 174 کی کارروائی کے بعد لاش چھیپا سردخانے میں رکھوا دی۔
دونوں خواتین کا آج پوسٹ مارٹم کیا جائے گا جب کہ شعبہ تفتیش کے افسران علاقہ مکینوں کی مدد سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔