ترکیہ اور شام میں زلزلے سے 50 ہزار سے زائد اموات

انقرہ/ دمشق: رواں ماہ کی ابتدا میں ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق رواں ماہ 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں آنے والے ہولناک زلزلے نے جہاں ہر طرف تباہی پھیلائی، وہیں ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ترکیہ اور شام کے زلزلے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، جن میں صرف ترکیہ میں 44 ہزار سے زائد جان سے گئے، جس کی تصدیق ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد قریباً 6 ہزار ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 6 فروری کو آنے والے تباہ کن زلزلے کی شدت 7.7 تھی جس کے بعد 7.6 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا جب کہ زلزلے کے بعد قریباً 9 ہزار آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔
ترکیہ اور شام میں زلزلے کے بعد 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد ریسکیو ورکروں، رضا کاروں اور عوام نے ترکیہ کے 11 زلزلے سے متاثرہ صوبوں میں امدادی کام کیے جب کہ ملبے تلے دبے ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ ترکیہ میں زلزلے سے ایک لاکھ 73 ہزار عمارتیں تباہ ہوئیں اور متاثرہ علاقوں سے قریباً 5 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد نے نقل مکانی کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 1.9 ملین افراد عارضی طور پر مہاجرین کے کیمپوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔

#Earthquake50 thousand people dieSyriaTurkey